کراچی (آن لائن) ڈاکٹرعافیہ کی علیل والدہ عصمت صدیقی کی رہائش گاہ پر ان کی عیادت کیلئے سیاسی ، سماجی، سول سوسائٹی کے رہنمائوں اور عافیہ موومنٹ کے رضاکاروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز پرائیویٹ اسکولوں کی تنظیم اومیپ کے چیئرمین پروفیسر تنویر ملک، جنرل سیکریٹری مجیب الرحمان شامی اور انجمن اتحاد عباسیہ کے مرکزی کوآرڈینٹر ڈاکٹر ایوب عباسی، شفیق احمد عباسی، رانا نثار احمد و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ کی عیادت کی، اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی بھی موجود تھیں۔ اومیپ اور انجمن اتحاد عباسیہ کے پروفیسر تنویر ملک، ڈاکٹر ایوب عباسی و دیگر رہنمائوںنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو عمران خان سے اب تک بڑی امیدیں وابستہ ہیںمگر ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں تاخیر باضمیر لوگوں کے لئے تشویش اور شرمندگی کا باعث بن رہی ہے۔ حکومت کو جس کا ادراک کرنا چاہئے۔ یہ جان کر ہمیں انتہائی دکھ پہنچا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گذشتہ چھ ماہ سے قونصلیٹ رسائی سے بھی محروم ہیں اور قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کی۔ سابقہ رپورٹ بھی اب تک عافیہ کی فیملی اور عوام سے شیئر نہیں گئی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپیل کی کہ قوم ان کی والدہ کی صحتیابی اور ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔