ساہیوال/ سرگودھا (محمد شفیق چوہدری سے) نائب شیخ الاسلام امیر شریعت حضرت خواجہ حمیدالدین سیالوی کی رسم قل آستانہ عالیہ سیال شریف میں ادا کر دی گئی۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ تونسہ شریف پیر پٹھان حضرت خواجہ محمد عطاء اللہ تونسوی نے خصوصی دعا کروائی اور مرحوم کے بڑے بیٹے صاحبزادہ خواجہ محمد ضیاء الحق سیالوی کی دستار بندی کر کے آستانہ عالیہ سیال شریف کا نیا سجادہ نشین مقرر ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان بھی کیا۔ پیر پٹھان حضرت خواجہ عطاء اللہ تونسوی نے خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی کی قبر مبارک پر حاضری بھی دی۔ رسم قل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی کی قبر مبارک پر قرآن خوانی ہوئی۔ نعت خوانوں نے نعتیں پڑھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ رسم قل کے موقع پر انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے غیرمعمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔ رسم قل میں ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں، مریدین، پیر بھائیوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ درجنوں سجادہ نشینوں، وفاقی وصوبائی وزراء نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے حضرت خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تبلیغ اسلام کے لیے آپکی خدمات قابل ستائش ہیں، امیر شریعت باکمال جانشین تھے۔
ساہیوال/ سرگودھا: خواجہ حمید الدین سیالوی کے قل ادا کر دیئے گئے
Sep 22, 2020