لاہور‘ شیخوپورہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد (نمائندہ خصوصی، نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت، نوائے وقت رپورٹ) لاہور‘ شیخوپورہ، بہاولپور، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 32 ویں سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔ تقریبات میں مقامی رہنماؤں سمیت کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب پارٹی کے سینئر ضلعی نائب صدر چودھری خالق عزیز مت ورک کے ڈیرہ پر پارٹی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری حاجی فلک شیر ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ خطاب کرتے ہوئے رانا ممتاز محمود مون خان ، حاجی فلک شیر، چودھری خالق عزیز ورک، چودھری منیر قمر واہگہ نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری روشن، خوشحال اور مضبوط پاکستان کی امید کی کرن ہیں۔ گوجرانوالہ میں بلاول بھٹو زرداری کی 32ویں سالگرہ کی مرکزی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی تقریب کی صدارت پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد اللہ سندھو نے کی جبکہ پیپلزپارٹی پنجاب کے نائب صدر و ضلعی انچارج پیپلزپارٹی چوہدری اعجاز احمد سماں ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ملک طاہر اختر صاحب سالگرہ تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ حافظ آباد ڈسٹرکٹ بار میں بلاول بھٹو کی سالگرہ کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پیپلزپارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل اور بار کے سابق صدر محمد ارشد مہمند ایڈووکیٹ نے دیگر وکلاء کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔ شیخوپورہ میں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جیالا فورس کے زیر اہتمام ضلعی سینئر رہنما ملک اشتیاق احمد اعوان کے ڈیرہ پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 32سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جس میں چوہدری لطیف احسن پنوں، ارشد قمر، اکرم ناز، ارشد نیازی،سٹی صدر سعد الرحمن خان، رانا امجد شکیل راہی، رانا محمد الیاس، شہزاد احمد، جاوید شاہ، رائے سکندر حیات کھرل، بشیر احمد، رانا حفیظ الرحمن ساجد، ملک نثار، سید شفقت مشتاق ، رانا خورشید، محمد احسان ، علی حسنین اعوان، ندیم سردارو دیگر رہنما ئوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں پیپلز پارٹی کسان ونگ کے زیراہتمام پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ پیپلز پارٹی کسان ونگ کے تحصیل صدر چودھری ثاقب نواز وڑائچ تحصیل صدر پاکستان پیپلز پارٹی چودھری ذوالفقار چیمہ اور تحصیل نائب صدر حاجی آصف تاج سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمن بلاول بھٹو نے نو عمری میں ایک اے پی سی کے ذریعے ملک کی سیاست بدل دی ہے۔ حکومت دو دن سے رو رہی ہے ماتم کر رہی ہے۔ اب دسمبر تک دما دم مست قلندر ہوگا اور جنوری میں اس حکومت جو گھر بھیج دیں گے عمران خان کے جھوٹ واضح ہونے لگے ہیں۔ ڈیلیوری میں ناکامی کے بعد خان کو ووٹ دینے والے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ وہ لاہور میں بے نظیر پارک، نصیر آباد میں چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر منعقد جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ کی صدارت چودھری اسلم گل نے کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے کہا کہ ہم اپنے قائد بلاول بھٹو کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں غریب ہیں تب تک پیپلز پارٹی کو اس ملک سے ختم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ غریب کی بات صرف پیپلز پارٹی ہی کرتی ہے۔،جلسہ سے ملک عثمان،شہزاد چیمہ، ذوہیب بٹ، اعجاز گل، عمران اٹھوال سومی گل، نوید چودھری ،ثمینہ گھرکی،ایڈون سہوترا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرکلچرل پروگرام بھی ہوا۔ گلوکارہ فرح انور نے گیت سنائے۔