حب ندی پر کراچی و بلوچستان ملانے کیلئے نئے پل کی تعمیرکا خیر مقدم

Sep 22, 2020

کراچی (کامرس رپورٹر) لسبیلہ ایوان تجارت وصنعت کے جا ری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صدر ایوان اسماعیل ستار نے اس اطلاع کا خیر مقدم کیا ہے کہ حب ندی پر کراچی کو بلوچستان سے ملانے والے پل کی مرمت کے ساتھ ساتھ ایک نئے پل کی تعمیربھی جلد شروع کی جائے گی، یہ بات اسماعیل ستار صدرلسبیلہ ایوان تجارت وصنعت کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر بلوچستان ساؤ تھ شام سندرنے انکے ساتھ ایک میٹنگ کے بعدبتائی، شام سندر کے مطابق این ایچ اے کے چیئرمین نے نئے پل کی جلد تعمیرکے منصوبے کے بارے میں احکامات جاری کردیئے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ پل کی تعمیر1962میں ہوئی تھی اور یہ ابھی استعمال کے لائق ہے۔اسماعیل ستار نے جنرل منیجر این ایچ اے کو آ گاہ کیا کہ بڑھتے ہوئے بھاری ٹریفک کی وجہ سے یہ پل ناکافی ہوگیا ہے حالیہ بارشوں کیوجہ سے آنے والے سیلابی ریلے سے پل کے ستونوں کے اضافی سپورٹ کو نقصان پہنچا ہے جسکی خبریں نشر ہونے سے روزانہ اس پل کو استعمال کرنے والوں میں بجا طور پر بے چینی اور اضطراب پیدا ہواہے،انہوں نے آگاہ کیا کہ کراچی سے بلوچستان کو ملانے والے اس انتہائی اہم پل پر سے چوبیس گھنٹے بھاری ٹریفک گزرتا ہے یہ پل نقل وحمل کا انتہائی اہم ذریعہ ہے جسکے ناقابل استعمال ہونے کی صورت میں کوئی متبادل ذریعہ دستیاب نہیں ہے۔ 

مزیدخبریں