کراچی(اے پی پی)کاروگیٹیڈکارٹن مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سلطان صلاح الدین چشتی نے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بدترین صورتحال اور گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب صنعتی علاقوں میں گیس پریشر میں50فیصد سے بھی زائد کمی کردی گئی ہے جس سے صنعتی پیداواربری طرح سے متاثر ہے جبکہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں صنعتکاروں کو گھربیٹھنے پر مجبور کررہی ہیں۔سلطان صلاح الدین چشتی نے ایک بیان میں کہا کہ صنعتی علاقوں کو کئی ہفتوں سے گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے،گیس پریشر میں کمی سے پیداواری صلاحیت 50فیصد گھٹ گئی ہے، علاقے کی 30فیصد سے زائدصنعتوں کو 3سال سے گیس پریشر میں کمی کاسامنا ہے،صنعتی علاقوں کو گیس پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث برآمدی آرڈرز کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہے اور یہ خوفناک صورتحال ہے، گیس پریشر میں کمی ختم نہ ہوئی تو تمام صنعتی علاقوں کے صنعتکار دوبارہ دھرنادینے پر مجبور ہونگے،ایس ایس جی سی قومی مفاد میں صنعتی علاقے کامطلوبہ گیس پریشر بحال کرے۔