پاکستان اور قبرص کے درمیان دیرینہ سیاسی، سماجی اور تجارتی تعلقات ہیں،صادق سنجرانی

Sep 22, 2020

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قبرص کے درمیان دیرینہ سیاسی، سماجی اور تجارتی تعلقات ہیں ان روابط کو مزید مربوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں میں اضافہ کرنا ہو گا، دونوں کے مابین تجارت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے چیمبر میں قبرص کے اعزازی کونسل جنرل میاں حبیب اللہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطہ کاری کو زیادہ موثربنانے سے نہ صرف باہمی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے گا۔ اس موقع پر قبرص کے کونسل جنرل نے چیئرمین سینیٹ کو دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے کی جانی والی کوششوں اور پاکستان میں زیر تعلیم قبرص کے پانچ ہزار طلبا  کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں زیر تعلیم ان طلبا کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور اْن کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ طلبا کسی بھی ملک میں اْس ملک کے سفیر اور نمائندے کے طور پر موجود ہوتے ہیں جو  باہمی تعلقات کو ترقی دینے میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی قبرص میں زیر تعلیم ہے امید ہے کہ قبرص کی حکومت پاکستانی طلبا کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور معاونت فراہم کر ے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کیلئے دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس کے درمیان موثر رابطے اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بال اس سلسلہ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ 

مزیدخبریں