روشن ڈیجیٹل اکائونٹس وزیراعظم عمران خان کا وژن تھا، زلفی بخاری

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس وزیراعظم عمران خان کا وژن تھا جس کا مقصد بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں آسان کے ساتھ رقوم بھیجنے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس اقدام کے حوالہ سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈیجیٹل روشن اکائونٹس کھولنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکائونٹ ایک دن میں کھولا جا سکتا ہے جس کے بعدآپ اگلے دن سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جو پاکستان میں تعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں وہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سرمایہ کاری کرسکتے ہیں جس سے زیادہ منافع حاصل ہوسکتا ہے۔ سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف کا بیان پاکستان مخالف قوتوں کو خوش کرنے کیلئے تھا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تصویر پچھلی پانچ دہائیوں کے دوران ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کس بات کا احتجاج چاہتی ہے، یہ پارلیمنٹ کے اندر ایک دوسرے کو دھوکہ دیتے ہیں اب یہ گرائونڈ میں بھی ایسا ہی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن