لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں پولیو مہم کا افتتاح بچوں کو قطرے پلا کر دیا۔ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں دو کروڑ 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز خود فیلڈ میں نکل کر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں۔ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔ اس جنگ کو جیتنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے درآمدی گندم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے خریدنے کی منظوری دی۔ محکمہ خوراک حکومت پنجاب کو درآمدی گندم خریدنے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی۔ گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے کمیٹی تیشکل دی گئی۔ کمیٹی گندم کی نئی امدادی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی فصل کی بوائی سے قبل گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے حتمی سفارشات پیش کی جائیں کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا جائزہ لیں گے واحد صوبہ ہے جہاں آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائیگا۔ مستقبل میں صوبے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پیشگی اقدامات کئے جائیں عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عثمان بزدار نے چکوال کے قریب اعجاز آباد میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عوام کو ریلیف کی فراہمی مقدم ہے: عثمان بزدار
Sep 22, 2020