اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے کراچی کے تھانہ بلال کالونی کے سابق ایس ایچ او بھنل خان کی ملازمت پر بحالی کی اپیل خارج کر دی۔ عدالت نے کہاکہ مذکورہ ایس ایچ او کے خلاف اغوا برائے تاوان اور ناجائز اسلحہ سمیت پانچ مقدمات درج تھے، چیف جسٹس نے کہاکہ محکمانہ رپورٹ میں لکھا ہے عدالت نے ملزم کو پنشن اور دیگر سہولیات دینے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ میں سرکاری زمین پر پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت نے کمشنر فیصل آباد کی رپورٹ مسترد کر کے آئندہ سماعت پر کمشنر فیصل آباد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قراردیا کہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینیوٹ میں تجاوزات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ جبکہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینیوٹ کا ماسٹر پلان بھی پیش کیا جائے، عدالت نے کمشنر فیصل آباد کی عدم پیشی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ کمشنرخود پیش کیوں نہیں ہوئے؟۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی حکم عدولی پر کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر دونوں جیل جائیں گے۔ اگر ایسی فضول رپورٹ دی تو جیل بھیج دیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد میں عدالت کے حکم پر پٹرول پمپ کا قبضہ واگزار کرا لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کی رپورٹ میں تجاوزات سے متعلق کوئی تفصیل نہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے سوال کیا کہ کہاں سے تجاوزات ختم کرائیں کچھ نہیں بتایا گیا۔ گرین بیلٹ، کمیونٹی پلاٹ اور سڑک کے ساتھ تجاوزات کا نہیں بتایا گیا۔ اتنا بڑا چارٹ عدالت میں پیش کیا گیا مگر معلومات زیرو ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ فیصل آباد کا ماسٹر پلان کدھر ہے؟۔ اسسٹنٹ کمشنر نے جواب دیا کہ فیصل آباد کا ماسٹر پلان نہیں ملا، جسٹس اعجازالاحسن نے تعجب کااظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا مطلب ہے ماسٹر پلان نہیں ملا آپکو خود کچھ پتا نہیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کوبتایا کہا انہوں نے کمشنر ملتان کی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ خانیوال میں پٹرول پمپ کی جگہ واگزار کرا لی ہے جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ لیز میں 25 سال کا ذکر ہی نہیں, چیف جسٹس نے کہاکہ زمین 700 روپے فی مرلہ کے حساب سے لیز پر دی گئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان ڈیفالٹر بھی ہیں۔ عدالت نے خانیوال میں سرکاری اراضی پر پٹرول پمپ چلانے کی درخواست مسترد کر دی ۔ اکرم شیخ نے موقف اپنایاکہ سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں پنجاب حکومت مرضی کا شکار کر رہی ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ ہمارا حکم سب کیلئے ہے کسی کو مرضی کے شکار کی اجازت نہیں دی۔ اکرم شیخ نے کہاکہ پٹرول پمپ گرایا نہ جائے 7 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ عدالت نے صوبائی حکومت کو حکم دیا کہ وہاڑی میں سرکاری اراضی پر قائم پٹرول پمپ کی دوبارہ نیلامی کی جائے۔ اگر پٹرول پمپ بنانے کی اجازت نہ ہو تو زمین واگزار کرائی جائے,اس دوران اکرم شیخ کا کہنا تھاکہ پمپ وہاڑی نہیں فیصل آباد میں ہے مائی دی جھگی میں لاری اڈا کیساتھ ہے۔