لاہور( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا تاریخی پس منظر۔ پاکستان کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے سب سے پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا آغاز کیا۔ یہاں قومی سطح پر ٹی ٹونٹی کرکٹ کا پہلا ٹورنامنٹ سال 2005 میں کھیلا گیا۔ انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بعد پاکستان دنیا کا وہ چوتھا ملک تھا جہاں اس طرز کی کرکٹ کا قومی سطح پرکوئی ٹورنامنٹ کھیلا گیا۔ اب تک پاکستان میں 16 نیشنل ٹی ٹوٹنی ٹورنامنٹس کھیلے جاچکے ہیں۔ڈومیسٹک سیزن 19-2018 تک یہ ٹورنامنٹ ریجنز کی ٹیموں کی بنیاد پر کھیلا جاتا رہا مگر گذشتہ سیزن سے یہ ایونٹ قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کی طرح چھ صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کی بنیاد پر کھیلا جارہا ہے۔ناردرن کی ٹیم اس ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہے جو خیبرپختونخوا کے خلاف میچ سے رواں سال اپنی کمپیئن کا آغاز کرے گی۔
ٹورنامنٹ کا 17واں ایڈیشن 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہورہا ہے۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ لاہور اور سیالکوٹ وہ 2 ریجنز ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ مرتبہ اس ٹائٹل کو اپنے نام کیا۔کْل 16 مقابلوں میں سے 11 مرتبہ ٹرافی ان دو میں سے کسی ایک ریجن کی ٹیم نے جیتی۔ سیالکوٹ اسٹالینز سب سے زیادہ 6 مرتبہ جبکہ لاہور کی ٹیموں (لاہور لائنز 3مرتبہ، لاہور بلیوز اور لاہور وائٹس 1،1 مرتبہ) نے پانچ مرتبہ ایونٹ اپنے نام کیا۔ بقیہ پانچ ایونٹس میں پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلیوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔