ہنگامہ آرائی کیس:رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) صفدر سمیت ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30ستمبر تک توسیع

Sep 22, 2020 | 16:00

ویب ڈیسک

لاہور کی انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازشریف کی نیب دفتر آمد کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان، کیپٹن (ر)محمد صفدر سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30ستمبر تک توسیع کر دی۔ منگل کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین نے لیگی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت ملزمان کے وکلاء نے مئوقف اختیار کیا کہ پولیس نے جھوٹے مقدمہ میں نامزد کیا ، دہشت گردی کی دفعات سیاسی بنیادوں پر شامل کی گئی ہیں۔ عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو 30ستمبر تک ملزمان کی  گرفتاری سے روک دیا۔ تھانہ چونگ پولیس نے مریم نوازشریف کی نیب آفس پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں اہم لیگی رہنمائوں سمیت 300نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔

مزیدخبریں