لاہور/ قصور/ چیچہ وطنی/ غازی آباد/ ( نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت مختلف شہروں میں گزشتہ روز کہیں تیز کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ قصور‘ گوجرانوالہ‘ نوشہرہ ورکاں‘ چناب نگر‘ غازی آباد‘ ساہیوال‘ ہارون آباد اور دیگر علاقوں میں جل تھل ایک ہو گیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ بجلی کا ترسیلی نظام بھی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ چناب نگر میں پھسل کر ایک شخص جاں بحق چیچہ وطنی میں بچہ نہر میں ڈوب کر چل بسا۔ جبکہ کئی علاقوں میں مختلف نوعیت کے حادثات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ساتھ ہی ساتھ لیسکو کے 65 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوب جانے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ اے پی پی کے مطابق قصور لنڈا بازار میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 18 سالہ علی شریف اور 16 سالہ مدثر طارق کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور منتقل کر دیا گیا ہے۔ بارش و پھسلن کے باعث مختلف واقعات میں ایک شخص ممورا جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق الفتح ٹاؤن چیچہ وطنی کے رہائشی منظور احمد کے دو بیٹے ڈی پی ایس سکول کے قریب سے گزرنے والی نہر کے کنارے کھیل رہے تھے کہ اچانک دونوں نہر میں گر گئے۔ ریسکیو 1122 نے ایک بچے کوبچا لیا جبکہ دوسرا 13 سالہ رضا محی الدین پانی میں بہہ گیا۔ چار گھنٹے تلاش کے بعد رضا محی الدین کی نعش نہر سے مل گئی۔