اسلام آباد(وقائع نگار)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیاگیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر مرزا عثمان مسعود نیب گواہ سید عاصم علی ترمذی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے شاہدخاقان عباسی سمیت شریک ملزمان کی حاضری لگائی اور استفسار کیاکہ بیرسٹر قاسم نواز عباسی کہاں ہیں،معاون وکیل نے بتایاکہ بیرسٹر قاسم عباسی ہائیکورٹ میں مصروف ہیں لیٹ نمبرز پر کیسز ڈویڑن بینچ میں لگے ہیں،عدالت نے ہدایت کی کہ بیرسٹر قاسم عباسی کو بلائیں جرح کیلئے،جس کے بعد سید عاصم علی ترمذی پراجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس جی پی ایل کراچی کا بیان قلمبندکیاگیا جس کے مکمل ہوجانے پر ریفرنس کے شریک ملزم مفتاح اسماعیل کے وکیل نے نیب گواہ محمد فرحان پر جرح مکمل کرلی اور شریک ملزم سابق چیئرمین اوگرا محمد سعید کے وکیل کی جرح جاری رہی ،عدالت نے سماعت28 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔آئندہ سماعت پر ملزم محمد سعید کے وکیل گواہ پر جرح جاری رکھیں گے۔