انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے، حکومت سہولت کارکاکردارادا کریگی:شوکت ترین

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)فاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے  انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے کے اطلاق کیلئے سرکاری اورنجی شعبہ کے متعلقہ شراکت داروں کی معاونت ومشاورت سے بین الاقوامی معیار اورشفافیت کو یقینی بناتے ہوئے طریقہ کاروضع کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہاہے کہ انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے کے سفرمیں حکومت سہولت کار اورریگولیٹرکاکردارادا کرے گی اور گیٹ وے کے عالمگیر رابطہ کی وجہ سے  ای کامرس صارفین کے اعتمادمیں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر خزانہ  ومحصولات شوکت ترین نے یہ بات پاکستان انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے سے مالی شمولیت اورادائیگیوں کے نظام کوڈیجیٹلائز کرنے میں مدد ملے گی جو ای کامرس پالیسی کا 9  واں ستون ہے۔ وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی مواصلات سیدامین الحق، وزیراعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری وتجارت عبدالرزاق داد، این آئی ٹی بی کے سی اواوسید حسین عباس کاظمی، سیکرٹری تجارت، سینئر پالیسی اینالیسٹ اوردیگرسینئرافسران نے اجلاس میں شرکت کی۔گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹررضا باقر ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ملک میں انٹرنیٹ کے زریعہ کاروبارکے فروغ (ای کامرس) کیلئے اندرون ملک ادائیگیوں کے مروجہ نظام اوربین الاقوامی ادائیگیوں کے نظام کے درمیان خلیج کے عوامل کی نشاندہی کیلئے متعلقہ شراکت داروں کے درمیان مشاورتی سیشن منعقدہوا۔ وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق داد نے شرکا کوملک میں ڈیجیٹل مالیاتی منظرنامہ کے بارے میں آگاہ کیا۔  گورنرسٹیٹ بینک نے ملکی بینکوں میں مالی شمولیت کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے  انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے کے تحت خدمات فراہم کرنے والے اداروں کومکمل سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔وزیرخزانہ شوکت ترین نے انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے کے اطلاق کیلئے سرکاری اورنجی شعبہ کے متعلقہ شراکت اداروں کی معاونت ومشاورت سے بین الاقوامی معیار اورشفافیت کو یقینی بناتے ہوئے طریقہ کاروضع کرنے کی ہدایت کی۔وزیرخزانہ نے سیکرٹری تجارت کی سربراہی میں وزارت تجارت، وزارت خزانہ اورایف بی آر کے نمائندوں پرمشتمل 4 رکنی کمیٹی قائم کی۔انہوں نے پاکستان بینکنگ کونسل کے صدر اورنجی  شعبہ میں مارکیٹ کے کلیدی کرداروں سے رائے لینے کی ہدایت کی تاکہ ان کی ضروریات بارے آگہی ہو۔وزیرخزانہ نے مزید مشاورت  سے  4 ہفتوں کے بعد فریم ورک پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ  انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے کے سفرمیں حکومت سہولت کار اورریگولیٹرکاکردارادا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ای پیمنٹ گیٹ وے کے عالمگیر رابطہ کی وجہ سے  ای کامرس صارفین کے اعتمادمیں اضافہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن