بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراﷲ خان کا 18 واں یوم وفات 26 ستمبر کو منایا جائیگا

منڈا چوک (نامہ نگار) بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کا 18واں یوم وفات 26 ستمبر کو عقیدت واحترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر خان گڑھ کے معززین رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ، ملک رضوان الرحمن، مہر راشد نصیر سیال،ملک نذیر سندیلہ، خالد محمودضیاء ودیگر نے اپنے تاثرات میں کہا کہ نواب زادہ نصراللہ خان مرحوم کی  جمہوری خدمات اور جدوجہد شاندار ہیں جو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی اور ہمیشہ  خراج تحسین پیش کیا جائیگا اور کہا نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کی خاطر اپنی زندگی وقف کی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن کسی آمر کے سامنے نہیں جھکے۔ انہوں نے کہا آج ملک میں جمہوری اثرات نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی قربانی کا نتیجہ ہیں جب بھی  ملک میں آمریت اور طالع آزماؤں نے  جمہوریت کا قتل کیا تو نوابزادہ نصراللہ خان نے ہی سینہ تان کر غیر آئینی اقدام کے خلاف جدوجہد کی اور جمہوریت کی شمع جلاتے رہے۔ نوابزادہ نصر اللہ خان نے اسلامی اقدار کی خاطر بھی بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے ختم نبوت تحریک میں  ہراول دستہ کا کردار ادا کیا اور  ہر آمر نے انہیں مختلف ادوار میں اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے بلکہ صدر ' وزیراعظم کی آفروں کو بھی جمہوریت کی پاسداری کی خاطر نواب مرحوم نے ٹھکرا دیا نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی جمہوریت کی خاطر خدمات اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن