امریکہ کیساتھ کیشر الجہتی ، وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں، شاہ محمود: زلمے خلیل کی ملا قات

Sep 22, 2021

اسلام آباد/ نیو یارک (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے افغان مشن کی تکمیل کے بعد پاکستان، امریکہ کے ساتھ مزید کثیرالجہتی اور وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کو جس حوالے سے جانا جاتا تھا پاکستان اس سابقہ روش سے باہر نکلنے کا خواہاں ہے۔ جبکہ پاکستان نے گذشتہ چالیس سال سے افغانستان میں جاری عدم استحکام کی بھاری قیمت ادا کی۔ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز  سے  پاک امریکہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے متحرک اور فعال کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور اس صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر  سامنے رکھا۔ 9/11 کے دہشتگرد  حملوں کے بعد پاکستان اور امریکہ نے ملکر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے،  افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی کو نہ دہراتے ہوئے عالمی برادری  افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام کی ترغیب دے جبکہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کو پنپنے سے روکنے کیلئے ایک مستحکم حکومت کا قیام ناگزیر ہے۔  طالبان کو بھی انسداد دہشت گردی ، انسانی حقوق کے تحفظ اور سیاسی شمولیت سے متعلق اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔  بھارت کو امن چاہئے تو کشمیریوں پر مظالم بند‘ 5 اگست کے غیر آئینی، غیر قانونی اقدامات واپس لے۔ ہماری معیشت مزید مہاجرین کا بوجھ اٹھانے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ افغانستان کے اثاثے بحال کئے جائیں۔ وزیر  خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ افغانستان میں قیام امن سیاسی تصفیے  کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے زلمے خلیل زاد کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شروع سے ہی کہتا آ رہا  تھا افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں جامع  حکومت کے قیام کیلئے پاکستان کی معاونت کے تسلسل کا اعادہ کیا ہے۔ دریں اثناء شاہ محمود قریشی سے نیو یارک میں مصری وزیر خارجہ سامح شکری بھی ملے۔ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمانی اقتصادی دفاعی تہذیبی اور علمی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہماری پارلیمنٹ میں پاک مصر فرینڈ شپ گروپ ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے متحرک ہے۔

مزیدخبریں