لاہور(خصوصی نامہ نگار) حضرت داتا گنج بخشؒ علی ہجویری کے 978ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات و تقریبات کے سلسلہ میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے بتایا کہ عرس مبارک کی تمام تقریبات کے دوران کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل در آمدملحوظ خاطر جائے گا۔تمام زائرین بھی لازمی ماسک کا استعمال کریں گے ۔پریس بریفنگ میںڈائریکٹر جنرل اوقاف سید طاہر رضا بخاری نے بتایا گیا کہ برصغیر میں قافلہ تصوف اور شریعت و طریقت کے امام الاولیاء الشیخ السید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کا آستانہ سب سے بڑا روحانی مرکز ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ علی ہجویری کا سالانہ عرس مبارک 26تا28ستمبرکو آپؒ کے آستانہ عالیہ پر منعقد ہو گا۔عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز .00 11بجے دن رسم چادر پوشی سے ہو گا۔ بعدازاں حسب روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا جائے گا۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے زائرین کیلئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کیلئے مبلغ ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔