پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شرو ع کردیا 

Sep 22, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے قومی فٹبالرز کی ٹریننگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا،دنیا کے مختلف ملکوں میں اتھلیٹس کیلئے استعمال ہونے والی گلوبل پوزیشننگ سسٹم ٹیکنالوجی سے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں مدد لی جارہی ہے،اس ٹیکنالوجی سے حاصل کردہ ڈیٹا سے کوچز ہر کھلاڑی کو اس کی ضرورت کے مطابق فٹنس میں بہتری کے طریقہ کار سے آگاہ کرسکتے ہیں، ٹریننگ کے دوران وی او کیمرہ کی مدد بھی لی جائےگی۔آئندہ انٹرنیشنل مصروفیات کی تیاری کیلئے 36کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، تربیتی کیمپ کے دوران کھیل میں مہارت کےساتھ جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلئے مختلف مشقوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روز غیر ملکی فزیکل ٹرینر روڈریگو ایسٹیوز نے فٹبالرز کو سخت ترین وی او2میکس ٹیسٹ کی آزمائش سے گزارا،اس سے کھلاڑیوں کے سٹیمنا اور قوت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیٹا تیار کرلیا گیا،ہر فٹبالر کی فٹنس کو انفرادی کیس کے طور پر لیا جارہا ہے۔ پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈکوچ شہزاد انورنے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی پر توجہ دیتے ہوئے اس کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کررہے ہیں،اس مقصد کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جارہی ہے، امید ہے کہ مہارت اور فٹنس میں بہتری لاتے ہوئے ان کو اہم چیلنجز کیلئے تیار کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

،اگلے مرحلے میں مزید فزیکل ٹیسٹ بھی ہوں گے،ان کی روشنی میں ہر کھلاڑی کو اس کی ضرورت کے مطابق ٹریننگ پلان دیا جائےگا۔

مزیدخبریں