ٹنڈو آدم (نامہ نگار)دعوت اسلامی کے شعبے ایف جی آر ایف کے تحت سندھ کے دیگر شہروں کی طرح ٹنڈوآدم میں بھی متاثرین سیلاب میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں اوراس کے بعد سیلاب کی صورتحال سے جہاں سندھ کے کئی چھوٹے بڑے شہر متاثر ہوئے وہیں ٹنڈوآدم اور اس کے اطراف کے علاقے اور وہاں رہنے والے افراد بھی شدید متاثر ہوئے ، مشکل کی اس گھڑی میں پیارے آقا کی دکھیاری امت کی خیر خواہی کا جذبہ لئے دعوت اسلامی کافلاحی شعبہ ایف جی آر ایف بھی پیش پیش ہے، اس سلسلے میں ٹنڈو آدم میں قائم دعوت اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ سے ٹنڈو آدم کے اطراف متاثر ہونے والے گاو¿ں اور گوٹھوں میں مقیم سینکڑوں متاثرہ افراد میں راشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پکا ہوا کھانا، پینے کیلئے صاف پانی، مچھر دانی اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر شعبہ ایف جی آر ایف کے ذمہ داران نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کیلئے ہمارے ساتھ ملکرمتاثرین کی مدد کریں اور نیکیوں کے کام میں اپنا حصہ ملائیں۔