لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بدھ کو ہونے والی پریکٹس منسوخ کر دی۔پاکستان کرکٹ بور کے ترجمان کے مطابق پاکستان ٹیم کی آپشنل ٹریننگ تھی جو نہیں ہوئی۔اس کے علاوہ ترجمان انگلش بورڈ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے بھی ہونے والی پریکٹس منسوخ کردی ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی آج بروز جمعرات نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ پاکستان کرکٹ سکواڈ کو سکیورٹی کی جانب سے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا گیاجس کے مطابق کھلاڑیوں کو کہیں جانے سے 24 گھنٹے پہلے اطلاع دینا ہوگی جبکہ کھلاڑیوں کو باہر سے کھانا آڈر کرنے سے بھی منع کر دیا گیا۔ٹیموں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، اس سے پہلے بھی ہونے والی سیریز میں ٹیموں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی فراہم کی گئی تھی لیکن کھلاڑیوں کو باہر سے کھانا آڈر کرنے کی اجازت تھی۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹر ہیری بروک پاکستان میں ملنے والی سکیورٹی پر انتہائی مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سب کچھ بہت اچھا ہے، ہم خود کو محفوظ سمجھ رہے ہیں اور یہاں مزہ بھی آرہا ہے۔ اس دورے کے دوران بھی سکیورٹی پی ایس ایل کی طرح ہی ہے، جب بھی واش روم جاتا ہوں تو لگتا ہے کوئی میرا پیچھا کررہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے باعث تھوڑا تجربہ تھا۔ آئوٹ فیلڈ تیز تھی اس وجہ سے نیچے شاٹس کھیلے اور آخر تک ناٹ آئوٹ رہنے کی کوشش کی۔
دوسراٹی ٹونٹی آج پاکستان انگلینڈ کے پریکیٹس سیشم منسوخ : کھلاڑیوں کے باہر سے کھانا منگوانے پر پابندی
Sep 22, 2022