فیروزوالا: مزاحمت پر طالب علم قتل‘ لاہور میں ڈکیتی‘ چوری کی متعدد وارداتیں

Sep 22, 2022

لاہور‘ فیروز والا (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں کی وارداتیں‘ متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے جنوبی چھاؤنی میں صدیق کے  اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 18لاکھ 35 ہزار روپے، غالب مارکیٹ میں ظفر خان کے گھر سے 10لاکھ 40ہزار‘ ماڈل ٹاؤن میں شکیل احمد کے گھر سے7لاکھ 10ہزار‘ زیورات، گھڑیاں، موبائل اور دیگر سامان، فیکٹری ایریا میں اکرم سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل، کوٹ لکھپت میں جنرل ہسپتال کے قریب مجاہد کے میڈیکل سٹور سے ڈیڑھ لاکھ، سندر میں اسامہ سے 60 ہزار اور موبائل، ہربنس پورہ میں ارسلان سے 50 ہزار اور موبائل، کاہنہ میں جمشید سے 40ہزار اور موبائل‘  باٹا پور میں احمد علی سے 33 ہزار اور موبائل، اقبال ٹاؤن میں معاویہ سے 5ہزار اور موبائل لوٹ لیا۔ چوروں نے ساندہ میں سلمان کے گھر سے7لاکھ روپے، کاہنہ میں اسلم کے گھر سے 6لاکھ، زیوارت و دیگر سامان چوری کرلیا اور فرار ہو گئے۔ گلبرگ اور ہربنس پورہ سے 2 کاریں، سبزہ زار  سے رکشہ جبکہ نیو انارکلی، شاہدرہ ٹاؤن، سبزہ زار، نواب ٹاؤن، گرین ٹاؤن، فیکٹری ایریا اور مسلم ٹاؤن سے7 موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ نامہ نگار فیروز والہ کے مطابق ونڈالہ دیال شاہ فیروز والہ کی آبادی (رحمت پورہ)  میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے بی اے کے طالب علم  مزمل حسین  کو قتل کر دیا اور پھر فرار ہو گئے۔  بتایا گیا ہے ٹبہ رحمت پورہ کے رہائشی سابق جنرل کونسلر لیاقت علی کا بیٹا مزمل حسین 22 سالہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے  علی الصبح  گھر کے قریب بی اے کے پیپر کی تیاری میں مصروف تھا۔ اس دوران نامعلوم  دو ڈاکو موٹر سائیکل سوار  ہوکر آئے جنہوں نے  گن پوائنٹ پر مزمل حسین سے موبائل چھیننے کی کوشش کی  جس نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے  فائرنگ کر کے  اسے  ہلاک  کر دیا۔ فیروز والہ پولیس موقع پر   پہنچ گئی‘ مقتول کی نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال  بھجوا دی۔
وارداتیں

مزیدخبریں