لاہور(این این آئی ) نومنتخب صدر قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ لاہور نصر اللہ مغل نے کہاہے کہ پاک روس تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ سے ملک کے اندر جاری گیس بحران کا خاتمہ ہوگا او ر روسی سستی گیس کو پاور پلانٹس میں استعمال کرکے سستی بجلی کا حصول ممکن ہوگا جس سے بجلی کے بڑھتے ہوئے ہوشربا نرخوں میں کمی آئے گی اور ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی، جس سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہے گا اور حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن بھی پائیہ تکمیل تک پہنچے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ موسم سرما کی آمد آمد ہے ۔ہر سال موسم سرما شروع ہوتے ہی 4 ماہ کیلئے انڈسٹریز کی گیس بند کردی جاتی ہے جس سے گیس سے چلنے والی صنعتیں بری طرح متاثر ہوتی ہیں اس لیے حکومت گیس بحران کے خاتمہ کیلئے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کے ساتھ ساتھ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی فوری طورپر مکمل کرے ۔