شائننگ و گرین لاہور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات جاری 

Sep 22, 2022


لاہور(خبر نگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شائننگ و گرین لاہور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے شہر میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق کمشنر لاہور عامر جان کی ہدایات پر لاہور میں صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔شائننگ و گرین لاہور مہم کے تحت اب تک شہر کے چار ٹاؤنز کو زیرو ویسٹ کیا جا چکا ہے جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن اور راوی ٹاؤن میں بھی زیرو ویسٹ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ و مشینری ٹاؤنز میں موجود اوپن پلاٹس کی کلیئرنس کے لیے فیلڈ میں متحرک ہے۔ مزید براں شاہدرہ، والڈ سٹی، پانی والا تالاب، شاہ عالم مارکیٹ، ٹاؤن شپ،مدینہ مارکیٹ، سبزہ زار، یتیم خانہ، کریم بلاک مارکیٹ، ملتان روڈ کھاڑک نالہ کے گرد صفائی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ زیرو ویسٹ آپریشن کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر کیا جانے والا صفائی آپریشن بھی تین شفٹوں میں جاری ہے جبکہ مرکزی شاہراؤں کی واشنگ اور سوئیپنگ بھی کی جارہی ہے۔اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا محنتی عملہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے کوشاں ہے۔مرحلہ وار تمام ٹاؤنز کو زیرو ویسٹ کرنے کے لیے آپریشن ٹیمیں پوری لگن سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کرنے کے لیے آگاہی کیمپس اور سروس ڈلیوری کیمپس کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ 

مزیدخبریں