لاہور(نیوز رپورٹر) نرسنگ کالج جنرل ہسپتال کی طالبات کے ماہانہ وظیفہ میں اضافہ کر دیا گیا۔ اس ضمن میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج /پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ BSCنرس طالبہ کو31,470روپے کی بجائے 46,170روپے ملیں گے جبکہ مڈ وائفری نرس سٹوڈنٹ کا بیس ہزار دس روپے سے بڑھا کر 29,170ہو گیا ہے۔ اضافہ شدہ الاؤنسز کا اطلاق یکم جولائی 2022سے ہوگا۔پرنسپل نرسنگ کالج ایل جی ایچ رمضان بی بی کا کہنا تھا کہ ستمبر کے وظیفہ میں جولائی اور اگست کے بقایا جات شامل کر دئیے گئے۔ اضافے کا اعلان سنتے ہی نرسنگ طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے حکومت اور ہسپتال انتظامیہ کو دعائیں دیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے نرسز طالبات پر زور دیا کہ وہ مزید یکسوئی اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کریں تاکہ وہ مستقبل میں نرسنگ کے شعبے کیلئے اپنی خدمات احسن انداز میں سر انجام دے سکیں۔