25 ستمبر تک آٹے کے نرخ کم نہ کئے تو قیمت بڑھا دیں گے: نان، روٹی ایسوسی ایشن 

Sep 22, 2022


لاہور؍ شیخوپورہ (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) متحدہ نان روٹی ایسوسی ایش نے ضلعی انتظامیہ کو  24ستمبر تک کی ڈیڈ لائن دیدی ہے کہ اگر فائن اور آٹے کو پرانے نرخوں پر واپس نہ لایا گیا تو 25ستمبر سے روٹی اور نان  کی قیمتوں میں اضافہ کر دیں گے۔ اس امر کا اظہار ایسوسی ایشن کے  صدر آفتاب اسلم گل کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں آٹے اور فائن کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تندوروں کو سرکاری آٹے کی سپلائی  بند کر دی گئی ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے موجودہ قیمت پر نان اور روٹی فروخت کرنا مشکل، دریں اثناء شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخوپورہ میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ متعدد فیکٹری مالکان 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلے نہیں فروخت کر رہے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں 1600 روپے کا فروخت ہو رہا ہے۔ اکثر فلور مل صرف 15 کلو آٹے کی پروڈکشن محدود پیمانے پر کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں