کراچی (کامرس رپورٹر) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ نہ رک سکا۔ انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 74 پیسے تک گرگیا جس کے باعث ٹریڈنگ میں ایک موقع پر ڈالر 240روپے کی سطح پر بھی گیا جو اب تک کی کم ترین سطح کے قریب تھا۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 74پیسے بڑھ کر 238.91 روپے سے بڑھ کر 239.65 روپے ہو گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت245.40 روپے پر مستحکم رہی۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں 5 ڈالر فی اونس اضافہ کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت 1لاکھ 55ہزار 100روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 32ہزار 973روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ بدترین مندے کا شکار رہی، کے ایس ای 100انڈیکس 250 سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گئی اور انڈیکس 40900 پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا، کاروباری مندے کے باعث سرمایہ کاروں کے 45 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جبکہ 61.12 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔