لاہور (نیوز رپورٹر + این این آئی) وزیراعلیٰ پرویز الہی نے سی سی پی او لاہور کو گلے لگا کر تھپکی دے دی۔ پرویز الٰہی اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ملاقات کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں وزیر اعلی سے سی سی پی او ملاقات کررہے ہیں، جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الہی بھی موجود ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے وزیر اعلی کو سیلوٹ کیا تو چوہدری پرویز الہی نے سی سی پی او کو گلے لگا لیا، کہا اِدھر آؤ گلے لگو، ویلڈن شاباش۔ پرویز الہی نے سی سی پی او کو یقین دلایا کہ آپ کو جانے نہیں دیں گے۔ ادھر ہی کام کریں، آپ محنت سے جرائم کے خاتمے کے لیے کام کریں، حکومت کی بھرپور سپورٹ ہو گی۔ ویڈیو مونس الہی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔ دوسری جانب این این آئی کے مطابق وفاق کے نوٹیفکیشن کے باوجود سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چارج چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ غلام محمود ڈوگر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں چارج نہیں چھوڑ رہا، جب تک پنجاب حکومت ریلیو نہیں کرے گی چارج نہیں چھوڑوں گا۔