اسلام آباد‘ نیویارک (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے عالمی رہنمائوں کو پاکستان سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں اور اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر میں نے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں بتایا کہ پاکستان دنیا سے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں شراکت داری قائم کرنے کا خواہشمند ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر دوسرے روز بھی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امریکہ کے صدارتی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے اور توانائی کے شعبہ میں مذاکرات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران ہوا۔ ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے متعلق آگاہی پید اکرنے اور اس کے حل کیلئے جان کیری کی خدمات کو سراہا اور کلائمیٹ چینج کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر امریکہ کی فوری امداد پر اظہار تشکر کیا اور نہ صرف فوری بحالی اور امدادی کاوشوں بلکہ اس کے بعد تعمیرنو اور بحالی کے مرحلہ کیلئے بھی بین الاقوامی برادری کی مسلسل مدد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر معمولی قدرتی آفت کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے پیرس معاہدے کے تحت موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے مالی معاونت کی فراہمی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار سے متعلق امداد کے حوالہ سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کیلئے کئے جانے والے وعدوں کی تکمیل میں امریکہ کے قائدانہ کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ جان کیری نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سیلاب کی وجہ سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کی طرف سے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مضبوط بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرنو اور دوسری معاونت کی شکل میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے بحران سے بچا جا سکے۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز اور میں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بحران سے نمٹنے کے لئے 55 ملین ڈالر کی انسانی امداد روانہ کی جا چکی ہے۔ جان کیری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور سیلاب متاثرین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جوورجیوا اور ورلڈ بنک کے صدر ڈیوڈ مالیس نے بھی ملاقات کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بچوں کی خوراک تیار کرنے والے اداروں اور کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کی خوراک عطیہ کریں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، عالمی رہنمائوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور پاکستان کی معاشی مشکلات سے آگاہ کر رہا ہوں۔ وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں سے متعلق اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے گزشتہ رات آن لائن اجلاس میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے، صوبائی حکومت، انتظامیہ، سرکاری افسران اور افواج پاکستان نے سیلاب کے بعد جو کاوشیں اور کارروائیاں کی ہیں، عوام کی نظر میں ان کی عزت ہے اور اللہ تعالی اس محنت کا صلہ عطا فرمائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اجلاس میں معلوم ہوا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے مخیر اداروں بالخصوص بچوں کی خوراک تیار کرنے والی مقامی کمپنیوں (فوڈ مینوفیکچررز) سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں بچوں کی خوراک عطیہ کریں اور این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور افواج پاکستان کے ذریعے لاکھوں بچوں تک یہ خوراک پہنچائیں۔ وزیراعظم نے عطیات دینے والے افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریاں پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی سے دعا کرنی چاہیے کہ ہماری محنت میں برکت ڈالے، ہمارے مسائل کا خاتمہ کرے، پاکستان کو ایک عظیم خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنائے اور ہماری مصیبتیں ختم فرمائے۔مزید براں وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ امریکی وزیر خارجہ نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑے ہونے کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔
دنیا سے تجارتی ، معا شی شراکت داری کے خواہاں، وزیراعظم: پاکستان سے تعاون کیلئے تیار، امریکی نما ئندہ
Sep 22, 2022