کلرسیداں(نامہ نگار)کلرسیداں پولیس کی پھرتیاں،قتل کے ایک مقدمہ میں ہسپتال میں نیم مردہ حالت میں پڑے ملزم فہیم کو واقعہ کے 14 گھنٹوں کے اندر جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹلیجنس ذرائع کی مدد سے قابو کرنے کا انتہائی شرمناک اور بھونڈہ دعویٰ کر دیا گزشتہ روز چوآ خالصہ شہر میں عمران جابر قتل کیس کا ملزم فہیم اختر تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کلرسیداں سے کلر پولیس کی موجودگی میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔تھانہ کلرسیداں کی ٹیم نے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم فہیم اختر کے مبینہ فرار کی کوشش کو بھانپتے ہوئے اسے نیم مردہ حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گزشتہ رات دس بجے کے قریب ہتھکڑی ڈال کر قابو کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ زیر علاج ملزم شدید مضروب ہے اور مثانے میں خون کے رساؤ کی وجہ سے انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں زیر علاج ہے۔ کلرسیداں پولیس نے نیم مردہ حالت میں ہسپتال کے بیڈ پر پڑے قتل کے نامزد ملزم فہیم اختر کو ہتھکڑی لگا کر اسے قابو کرنے کا دعوی کردیا پولیس نے ملزم سے تفتیش کرنے کی کوشش کی۔ہلانے جلانے پر بھی بے ہوش ملزم نہ بولا تو ڈاکٹرز کے منع کرنے پر پولیس ٹیم ملزم کو ہتھکڑی لگا کر پولیس اہلکار کا پہرہ بٹھا کر واپس لوٹ آئی۔
کلرسیداں پولیس کاقتل کیس میں مطلوب نیم مردہ ملزم کی گرفتاری کا بھونڈہ دعویٰ
Sep 22, 2022