ملک بھر میں سیلاب سے تباہی، 1ہزار 576 افراد جاں بحق، 12ہزار 862 زخمی

Sep 22, 2022 | 15:15

ویب ڈیسک

اسلام آباد: ملک بھر میں سیلاب نے تباہی مچا دی، بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں 1 ہزار 576 افراد جاں بحق جبکہ 12 ہزار 862 زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے اعدادوشمار جاری کردئیے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں 7مزید شہری انتقال کر گئے۔نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی کل تعداد 1 ہزار 576 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں 1 شخص جبکہ سندھ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ سیلاب کے باعث سب سے زیادہ جانی نقصان سندھ میں ہوا۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث 12 ہزار 862افراد زخمی ہوئے۔ 20 لاکھ سے زائد مکانات اور 392 پل تباہ ہو گئے۔ 13 ہزار کلومیٹر سے زائد طویل سڑکیں بھی سیلاب کے باعث متاثر ہوئیں۔ 10 لاکھ 17ہزار سے زائد مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ کر ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے پیش کردیا۔ جواں سال وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بھیک یا امداد نہیں، انصاف چاہئے۔ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کیلئے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔وزیر خارجہ کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد کیلئے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ اب تک سیلاب کے باعث 3 کروڑ 50 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ ریلیف اور ریسکیو کا کام جاری ہے، اس کے بعد تعمیرِ نو کی باری آئے گی۔ 

مزیدخبریں