لاہور اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کیا ہے کہ ہم الیکشن کی تاریخ اور شیڈول مانگتے ہیں۔ ملکی مسائل عوام کے منتخب نمائندے ہی حل کر سکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی سے تلخیاں پیدا نہیں کرنا چاہتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی لاہورکے زیراہتمام الحمرا ہال میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 35ویں سالگرہ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت چودھری اسلم گل نے کی۔ تقریب سے ثمینہ گھرکی، راحیل کامران ایڈووکیٹ، رانا جمیل منج، زاہد ذوالفقار، عامر بٹ، آصف ناگرہ، عاطف چودھری، امجد جٹ، فائزہ ملک اور حافظ غلام محی الدین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں بلاول بھٹو زرداری کا 35 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، اس موقع پر ثمینہ گھرکی، راحیل کامران چیمہ، موسی گیلانی، حافظ غلام محی الدین، رانا جمیل منج، عمر شریف بخاری، فائزہ ملک، اشرف خان، عقیلہ یوسف، نرگس خان، سونیا خان، امجد جٹ، آصف ناگرہ، زاہد ذوالفقار، عاطف رفیق، عمرصدیق، بیلم حسنین، شاہدہ جبیں، عائشہ غوری، رانا اشعر، میر شکیل چنی، سمیت اہم رہنما شریک تھے۔ اسلم گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنائیں گے۔ بلاول بھٹو پاکستان کا وقار اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی موسٰی گیلانی نے کہا کہ الیکشن کمشن نے عام انتخابات کا اعلان کر کے بلاول بھٹو کو تحفہ دیا ہے۔ بھٹو وہ سوچ ہے جو تاقیامت زندہ رہے گی۔ پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے لیڈروں کی سالگرہ ہمیشہ جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی کی صوبائی ضلعی تنظیموں اور الائیڈ ونگز نے ملک بھر میں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد اور کیک کاٹے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا آفس پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر حسین ڈھوکی، سابقہ رکن صوبائی اسمبلی زمین خان، اوجی ڈی سی ایل مزدور اتحاد یونین کے صدر زاہد حسین بھٹو، محمد امجد، قربان علی منگی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پرسنل فوٹوگرافر چوہدری اسحاق نے شرکت کی۔نامہ نگار کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب میں جیالوں نے ن لیگ کے خلاف نعرے بازی کی۔ فیصل میر کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید نے کہا نواز شریف کو شہروں میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ مریم نواز اور شہباز شریف ہمیشہ کی طرح اپنے اے سی اور ڈی سی لگوا کر سمجھتے ہیں وہ دھاندلی کرا کے الیکشن جیت جائیں گے۔ فیصل میر نے کہا اس مرتبہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ہاتھوں شکست ن لیگ کا مقدر ہے۔ آج ملک میں بھوک اور غربت کے ذمہ دار شہباز شریف اور اسحاق ڈار ہیں۔ انہوں نے کہا 15ماہ میں معیشت تباہ کر کے ن لیگ نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ وزیر خارجہ کی حیثیت سے بلاول بھٹو نے لابنگ کر کے آئی ایم ایف کے ذریعے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اور سیلاب متاثرین کے لئے پاکستان کو اربوں ڈالر کی امداد دلوائی۔