گگو منڈی (نامہ نگار) غیر ملکی کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے شخص نے حواریوں سمیت ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ مسلح ملزمان نے ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار ملزم کو ہتھکڑی سمیت فرار کروا دیا۔ خاتون سب انسپکٹر کو دھکے دیئے۔ مرد اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں۔ سروس کارڈ اور دیگر دستاویزات چھین لیں۔ مقامی پولیس کے موقع پر پہنچنے پر ملزمان فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح دس بجے کے قریب ایف آئی اے ملتان کی چار رکنی ٹیم نے سب انسپکٹر میڈم شبانہ کی قیادت میں مین بازار گگو منڈی میں غیر ملکی کرنسی کا لین دین کرنے والے حاجی محمد افضل کی دکان افضل بکڈپو پر چھاپہ مارا اور حاجی محمد افضل کو ہتھکڑی لگا کر گاڑی میں بیٹھا لیا تو وہاں موجود افضل کے بھائی محسن اور اس کے بیٹوں اور ملازمین تقریباً ایک درجن افراد نے ٹیم پر حملہ کر دیا اور ایف آئی اے ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حاجی محمد افضل کو ٹیم سے چھین کر ہتھکڑی سمیت موقع سے فرار کروا دیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے مقامی پولیس کو اطلاع دی تو ایس ایچ او گگو منڈی عدنان ٹیپو نے موقع پر ہجوم کو منتشر کیا جبکہ پولیس کو دیکھ کر ملزمان فرار ہو گئے۔ سب انسپکٹر ایف آئی اے میڈم شبانہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹیم نے جب حاجی افضل کو گرفتار کیا تو آتشیں اسلحہ اور چھریوں سے مسلح ایک درجن کے قریب حملہ آوروں نے ٹیم پر حملہ کر دیا۔ اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں اور ان کے سروس کارڈ چھین لئے۔
گگومنڈی: غیر ملکی کرنسی کاروبار کرنے والے کا ایف آئی اے ٹیم پر تشدد، ملزم فرار کرا دیا
Sep 22, 2023