اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے چینی ہم منصب وانگ ڑاو¿ ہانگ سے ملاقات کی پاکستان اور چین کا باہمی ترقی اور سکیورٹی کیلئے تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چین پاکستان کا آزمایا ہوا اور سدا بہار سٹریٹجک دوست ملک ہے وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام کی مختلف چیلنجز کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت قابل تحسین ہے۔ وزیر داخلہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سرفراز بگٹی نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے سکیورٹی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وانگ ڑاو¿ ہانگ کی چینی شہریوں اور تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی بھی تعریف کی چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ تعاون کے ذریعے دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے چیلنجز کے ادراک اور ان پر قابو پانے میں مدد پر چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔