اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل، نیکٹا نے دہشتگردی کیخلاف اہم اقدامات کئے: مرتضیٰ سولنگی

Sep 22, 2023

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی جڑوں میں شامل ہے۔ پاکستان میں تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کی بھرپور طریقے سے وضاحت کی۔ جمعرات کو انٹرنیشنل پیس فیسٹیول 2023ءسے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیکٹا نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک ملک کے اندر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے اور امن دشمن عوامل پر غور کیا۔ مساوات کا فروغ انتہا پسندی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت سے حسن سلوک کا درس دیتا ہے جبکہ انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد ہماری اقدار میں شامل ہے۔ ہمیں تعصبات کو ختم کرنا ہوگا، اسی جذبے سے پاکستان کی طاقت کھل کر سامنے آئے گی اور کوئی اس ملک کو کمزور نہیں کر سکے گا۔

مزیدخبریں