نیو یارک (این این آئی) اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون عرب، آذربائیجان اور نیجر کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں رکن ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ اس موقع پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ او آئی سی بھارت پر پانچ اگست 2019ءکے غیر قانونی اقدامات کی منسوخی کیلئے دبا¶ ڈالے۔ کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کیلئے او آئی سی اور امت مسلمہ بڑی امیدیں ہیں۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حتمی حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ اعلامیہ میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پر حملہ کرنے کی تیاریوں کے بارے میں بھارتی سیاسی رہنما¶ں اور اعلیٰ فوجی افسران کے بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی قیادت کے ان بیانات کو علاقائی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیا کے خطے کے امن و استحکام کو درپیش اہم ترین چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں وکشمیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل اور مقبوضہ علاقے میں حالات کو پرسکون بنانے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں کے درمیان ثالثی کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ سعودی عرب اسلامی تشخص اور اپنے وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں مسلم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی عرب شورش زدہ اور متنازعہ علاقوں میں متاثرہ اقوام کی مدد پر کمر بستہ ہے اور متاثرہ اقوام میں جموں و کشمیر کے عوام بھی شامل ہیں۔ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔ سعودی عرب یہ کوششیں مسلم اقوام کی حمایت سے متعلق اپنے غیر متزلزل موقف کی بنیاد پر کر رہا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری کثیر فریقی بین الاقوامی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی شریک تھے۔
خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری: سعودی وزیرخارجہ: او آئی سی کا حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
Sep 22, 2023