قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ اب وہ شاہین آفریدی کو بہترین شوہر بننے کی کوچنگ دیں گے۔رپورٹ کے مطابق سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر ) پر ثقلین مشتاق نے شاہین آفریدی کے ہمراہ ٹریننگ سیشن کے دوران لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر کو شادی کی مبارکباد دی۔ ثقلین مشتاق نے لکھا کہ شاہینکو شادی کی مبارک ہو لیکن یہ یاد رکھنا کہ میں صرف گراؤنڈ میں آپ کا کوچ نہیں رہا۔ اب میں ایک مینٹور اور کوچ کے طور پر آپ کو بہترین شوہر بننے کی کوچنگ دوں گا، وہ تمام دن یاد آتے ہیں لیکن میری دعائیں آپ کی اور آپ کی فیملی کے ساتھ ہیں۔ دوسری جانب ثقلین مشتاق نے شاہد آفریدی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا آپ کو بیٹی کی شادی بہت مبارک ہو، یقین نہیں آتا کہ چھوٹی سی گڑیا اتنی بڑی ہوگئی ہے۔ ثقلین مشتاق نے انشا آفریدی کو دعا دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی شاہین آفریدی کے ساتھ ایک بہترین زندگی کی دعا کرتا ہوں جو کہ نہ صرف ایک بہترین کھلاڑی ہیں بلکہ ایک بہترین انسان بھی ہیں جو آپ کی شہزادی کا مکمل طور پر خیال رکھیں گے۔