لاہور (نیوز رپورٹر)سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سرپرائز وزٹ پر شیخوپورہ جیل پہنچ گئے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے جیل میں ناقص انتظامات پر سپرٹنڈنٹ جیل شیخوپورہ سے برہمی کا اظہار کیا اور آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی کہ وہ خود جیلوں کے دورے کریں اور 1 ماہ میں حالات بہتر بنائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ سپرٹینڈنٹ جیل شیخوپورہ کو ایک ہفتے میں جیل انڈسٹری کا کام شروع کروائیں اور اسیران کو جیل انڈسٹری میں تکنیکی تربیت دیکر معاشرے کا مفید رکن بنائیں۔ جیل میں فرنیچر، ٹف ٹائل اور اعلیٰ کوالٹی قالین کی تیاری یقینی بنائی جائے۔ رواں سیزن میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر کی جیلوں میں ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے کروانے کا حکم دیا۔ جس جیل میں ڈینگی کا مچھر پایا گیا متعلقہ جیلر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ شیخوپورہ جیل کے دورہ کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب نے جیل میں قائم سکول، ہسپتال اور کچن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں اور خواتین کی بیرکس کا معائنہ بھی کیا اور جیل میں اپنے عزیزوں سے ملاقات کیلئے آئے ملاقاتیوں کے مسائل جانے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں حالات بہتر بنانے کیلئے جیل فاؤنڈیشن کا اجلاس بلانے کی بھی ہدایت جاری کی ہیں۔