لاہور (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پنجاب پولیس اپنے ملازمین اور انکے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں سنگین بیماریوں کا شکار پولیس ملازمین کے طبی اخراجات کیلئے مزید 15 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ لاہور پولیس کے ڈرائیور کانسٹیبل فیصل شہزاد کو آنکھوں کے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے ، سکیورٹی کانسٹیبل سلیم اللہ کو کینسر کے علاج کیلئے 2 لاکھ روپے جاری کئے گئے ، لاہور پولیس کے کانسٹیبل محمد سلیم کو ٹانگ و گھٹنے کے آپریشن کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے گئے۔ ریٹائرڈ ڈی ایس پی راجہ صداقت علی کی اہلیہ کے گھنٹوں کے آپریشن کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے۔ فیصل آباد کے کانسٹیبل محمد شکیل کو آنکھ کے آپریشن کیلئے 2 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ ویلفیئر برانچ کے ملازم کو میجر سرجری کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے۔ ویلفیئر برانچ نے صوبہ بھر سے موصول میڈیکل کیسز کی سکروٹنی کے بعد مذکورہ بالا کیسز آئی جی پنجاب کو بھجوائے تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہے ہیں ، معیاری و سستے علاج کیلئے ہسپتالوں کیساتھ ایم او یوز سائن کئے اور علاج کے اخراجات میں مالی تعاون بھی فراہم کر رہے ہیں۔