وحدت امت کانفرنس،طوفان الاقصیٰ عالمی تحریک میں تبدیل ہو چکا :سید جواد نقوی  

Sep 22, 2024

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) جامعہ عروۃ الوثقی میں وحدت امت کانفرنس بعنوان لبیک یا غزہ،لبیک یا اقصیٰ منعقد ہوئی جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مذہبی جماعتوں کے سربراہان، مشائخ عظام و اکابرین شریک ہوئے۔ مقررین میں سینیٹر سراج الحق، سفیر ایران در پاکستان ڈاکٹر رضا امیری مقدم، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، مولانا طیب قریشی، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا عبدالمالک و دیگر اکابرین شامل تھے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا طوفان الاقصی جو حماس نے غزہ کی سرحد سے اسرائیل کے اندر انجام دیا، اب ایک عالمی تحریک میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس تحریک کو مزید وسعت دینے کیلئے علاقائی قائدین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ مسلمانوں کی عزت، حرمت اور قبلہ اول کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام ضروری ہے۔سینٹر سراج الحق نے خطاب میں کہا غزہ اور اتحاد امت کے مسائل دراصل ایک ہی مسئلہ ہیں، دشمن کو غزہ پر حملہ کرنے اور مسجد اقصیٰ پر قبضہ کرنے میں اس لیے آسانی ہوئی کہ امت تقسیم ہے، ورنہ 85 لاکھ یہودی پونے 2 ارب مسلمانوں کے سامنے کھڑے نہیں ہو سکتے تھے۔ مقررین نے کہا آج ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیلی ظلم کیخلاف امت مسلمہ کے حکمران خاموش ہیں۔ وہ اللہ کے غضب سے نہیں ڈرتے۔

مزیدخبریں