لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے عالمی امن کے دن پر کہا پائیدا رامن کیلئے بین الاقوامی معاہدات اور قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے۔ بین الاقوامی امن کے قیام اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے ریاست مدینہ کا انتظامی ماڈل آج بھی قابل عمل ہے۔ پیغمبر اسلام ؐنے تمام طبقات کے مذہبی، سیاسی، ثقافتی عقائد کو تحفظ دے کر ایک پر امن گلوبل کمیونٹی کی بنیاد رکھی۔ آج بھی مذہبی روداری کی اقدار اختیار کر کے امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ اسلام امن،سلامتی اور رواداری کا دین ہے۔ دنیا کا امن مکالمہ اور باہمی روداری میں ہے۔ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت،امن اور احترام کی ضرورت ہے۔ پیغمبر امنؐ کا پیغام بھی رحمت، امن، محبت اور رواداری ہے۔ کسی بھی ملک و قوم اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں سب سے اہم کردار امن و امان کی صورتحال کا ہوتا ہے جو بھی قومیں ترقی و خوشحالی چاہتی ہیں۔ وہ سب سے پہلے اپنے ہاں امن قائم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام زندگی کے ہر شعبے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ امن انسانیت کے تحفظ اور بقا کیلئے ناگزیر ہے ۔