فوجی پریڈ میں نئے میزائل، ڈرون کی نقاب کشائی: اسرائیل کو اوقات میں رکھ سکتے ہیں: ایرانی صدر

Sep 22, 2024

تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی اور روس کو مسلح کرنے کے الزامات کے درمیان ایک فوجی پریڈ میں نئے بیلسٹک میزائل اور ایک اپ گریڈڈ یکطرفہ حملہ کرنے والے ڈرون کی نقاب کشائی کر دی۔ ایران پر مغربی حکومتیں الزام لگا رہی ہیں کہ وہ روس کو یوکرائن کے ساتھ جنگ میں استعمال کرنے کے لیے ڈرون اور میزائل فراہم کر رہا ہے، تاہم تہران اس الزام کی بارہا تردید کرتا رہا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ٹھوس ایندھن والے جہاد میزائل کو ایران کے پاسداران انقلاب کے ایرو سپیس آرم نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے اور اس کی آپریشنل رینج ایک ہزار کلومیٹر ہے۔ اس نے مزید کہا کہ ’شہید-136 بی‘ ڈرون شہید-136‘ کا ایک اپ گریڈڈ ورژن ہے، جس میں نئی خصوصیات اور 4 ہزار کلو میٹر سے زیادہ کی آپریشنل رینج ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں صدام حسین کے عراق کے ساتھ 88-1980ء کی جنگ کی یاد میں سالانہ پریڈ میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’آج ہماری دفاعی اور باز رکھنے کی صلاحیتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ کوئی شیطان ہمارے پیارے ایران پر جارحیت کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ ہم خونخوار، نسل کشی کرنے والے غاصب اسرائیل کو اس کی اوقات میں رکھ سکتے ہیں جو خواتین یا بچوں، بوڑھوں یا جوانوں پر کوئی رحم نہیں کرتا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھی علماء کے سالانہ اجلاس، وفود سے ملاقات میں کہا اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مکمل طور پر منقطع کریں اور سیاسی تعلقات کو کمزور کریں۔

مزیدخبریں