وزٹ ویزا پابندی‘ جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس پر آنیوالے 9افغان گرفتار

Sep 22, 2024

 کراچی (سٹاف رپورٹر)حکومتِ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے شہریوں کے لیے پاکستان کے وزٹ ویزے بند ہونے کی وجہ سے افغانیوں کی بڑی تعداد نے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر علاج کے بہانے پاکستان آنا شروع کر دیاہے۔ پاکستان سے امریکا اور جاپان جانے کی کوشش میں 3دن میں 9افغان شہریوں کو ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق پاکستان کے وزٹ ویزے بند ہونے کی وجہ سے افغان شہریوں کی بڑی تعداد علاج کے بہانے پاکستان کے ویزے حاصل کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایسے افغان شہری کابل سے اسلام آباد آتے ہیں، پھر وہ اسلام آباد، لاہور یا کراچی کے مختلف سفارت خانوں یا قونصلیٹ سے مختلف ممالک کے ویزے حاصل کرتے ہیں اور پھر پاکستان سے ان ممالک کا سفر کرتے ہیں۔امیگریشن حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ 3دن کے دوران ایسے 9افغان شہریوں کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیگریشن کے عملے نے گرفتار کیا ہے، ان کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں 3مقدمات درج کیے گئے ہیں، عدالتی احکامات پر انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ایسے افغانی شہریوں کے ویزے تو درست ظاہر ہوئے ہیں مگر ان کا پاکستان میں جعل سازی کر کے داخل ہونا اور اپنے مقاصد حاصل کرنا جرم ہے۔

مزیدخبریں