اسلام آ باد (خبر نگار) پاک چین کمپنیوں کے درمیان 75 ملین آر ایم بی کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، معاہدے کے تحت چینی کمپنی چائنا الیکٹرک پاور ایکوئپمنٹ اینڈ ٹیکنا لوجی کمپنی لمیٹڈ (سی ای ٹی) پاکستانی کمپنی کو خصوصی کنٹرول کیبلز فر اہم کرے گی۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستان کی نیو ایج کیبلز نے کہا ہے کہ اس نے چائنا الیکٹرک پاور ایکوئپمنٹ اینڈ ٹیکنا لوجی کمپنی لمیٹڈ (سی ای ٹی)کے ساتھ خصوصی کنٹرول کیبلز کی فراہمی کے لئے75 ملین آر ایم بی کا اہم معاہدہ کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ کیبلز پاکستان کے سب سے بڑے گرڈ سٹیشن لاہور نارتھ کے ساتھ ساتھ لاہور، نوکھر اور مائرہ میں دو دیگر اہم سٹیشنوں کی ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ یہ تعاون پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ باضابطہ معاہدے کی توثیق دونوں فرموں کے سینئر ایگزیکٹوز نے کی، جن میں نیوج کیبلز کے ڈائریکٹر المن جلیل اعظم اور سی ای ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر وو جون شامل تھے۔ ادھر چینی ٹیکسٹائل گروپ نے پاکستان کے ٹیکسٹائل شہروں سے برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پا کستان کو عالمی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مرکز بنائیںگے ۔ چینی ٹیکسٹائل گروپ کے چیئرمین نے اپنی سینئر مینجمنٹ ٹیم کے ہمراہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کا دورہ کیا اور لاہور اور کراچی میں دو برآمدی گرین (ماحول دوست) ٹیکسٹائل شہروں کے قیام کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا۔گوادر پرو کے مطابق ایس آئی ایف سی کے سیکرٹری جمیل قریشی نے بتایا کہ گروپ چائنا ٹیکسٹائل کونسل اور چائنا گارمنٹس ایسوسی ایشن کی25 معروف کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرے گا۔ تقریباً5 بلین امریکی ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کے ساتھ اس منصوبے سے اہم سالانہ پیداوارکی توقع ہے اور پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں10 بلین امریکی ڈالر تک کا اضافہ ہو گا۔ گوادر پرو کے مطابق چینی ٹیکسٹائل گروپ کا مقصد ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کرنا اور پاکستان کو عالمی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مرکز کے طور پر قائم کرنا ہے۔ اس وقت گروپ کے برانڈ میٹرکس میں دنیا بھر میں 6,000 سے زائد سٹورز شامل ہیں، جو84 ممالک اور خطوں میں کام کر رہے ہیں، جو اسے عالمی فیشن کے میدان میں سب سے زیادہ بااثر چینی انٹرپرائز بناتا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق مالی سال23-24ء مالی سال 24 جولائی تا جون کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 0.93 فیصد اضافے کے ساتھ 16.655 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں16.501 ارب ڈالر تھیں۔
توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے چینی کمپنی سے معاہدہ
Sep 22, 2024