چینی وزیر کی ملاقات، سی پیک کے تناظر میں صوبہ سنکیانگ اہمیت کا حامل: محسن نقوی

Sep 22, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وزارتِ داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے وزیر اور وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، کراس بارڈر تعاون، انسداد سمگلنگ و منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر انسداد دہشتگردی کے ضمن میں گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ مشقیں کرانے کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ایک عالمی مسئلہ ہونے کے ناطے دہشتگردی کی سدباب کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے جلد پاکستانی وفد صوبہ سنکیانگ کا دورہ کرے گا، چین کے وزیر چن مینگوو نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سنکیانگ کے دورے کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کا پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کے ساتھ ہماری 6 سو کلومیٹر کی طویل سرحد ہے۔ سی پیک منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے ہی گزرتا ہے، سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ منشیات، اسلحہ، سازوسامان اور ہر قسم کی سمگلنگ کا مکمل سدِباب کیا جائے۔ چینی وزیر چن مینگوو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ وفد میں سنکیانگ کے ڈپٹی سیکرٹری کمیٹی پارلیمانی و قانونی امور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پولیس، وائس پریزیڈنٹ سنکیانگ پولیس اکیڈمی شامل تھے۔ سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، سپیشل سیکرٹری داخلہ وقاص علی محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نذر محمد بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں