انصاف کا نظام‘ تھانہ کلچر معاشرے کے اصل چہرہ کی عکاسی کرتے ہیں: گورنر پنجاب 

Sep 22, 2024

لاہور‘روالپنڈی(نیوز رپورٹر‘جنرل رپورٹر) گورنر  پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہمارا نظام انصاف بہت کمزور اور فرسودہ ہو چکا ہے اور اس میں غریب آدمی کیلئے صرف مشکلات ہی ہیں۔ دیوانی مقدمات تین تین نسلوں تک چلتے ہیں اور فیصلے نہیں ہوتے اور اس وقت ضرورت ہے کہ دیوانی مقدمات کے متعلق قوانین میں عام آدمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلیاں لائی جائیں۔ یہ باتیں انہوں نے کہوٹہ لا یونیورسٹی، کہوٹہ میں منعقدہ دو روزہ انٹرنیشنل کانفرس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ کانفرنس میں جسٹس ڈاکٹر قبلہ ایاز، جج شریعہ اپیلٹ بینچ سپریم کورٹ آف پاکستان، اور چیئرمین کہوٹہ لا کالج صاحبزادہ ساجد الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مصالحتی عدالتوں کے قیام کی اشد ضرورت ہے تاکہ مقامی سطح پر مسائل حل ہو سکیں۔ حالات تب بہتر ہونگے جب ججز، جرنیل، بیوروکریٹ ملک کا درد محسوس کریں گے اور طاقتور طبقے جو سیٹوں پر بیٹھے ہیں ان کو میرٹ پر معاملات چلانے چاہیں۔ انصاف کا نظام اور تھانہ کلچر ہمارے معاشرے کے اصل چہرہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ سیاسی سپورٹ کے بغیر پولیس میں ایف آئی آر درج نہیں ہوتی اور اگر کسی عام شہری کیخلاف جھوٹی ایف آئی آر درج ہو جائے تو وہ برسوں انصاف کیلئے دھکے کھاتا رہتا ہے۔ تھانہ کلچر کی خرابی کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے کہ ہماری پولیس پر کام کا دبائو ہے لہذا ان کے مسائل کو بھی حل کرنا ہو گا۔

مزیدخبریں