کلرسیداں(اکرام الحق قریشی) معروف سیاستدان سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے اللہ تعالی نے انسان کو اپنا نائب بنا کے دنیا میں بھیجا یہ ہم سب کے لئے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے مگر یہاں یہ بھی لازم ہے ہر انسان ذاتی حیثیت میں اپنی اس ذمہ داری کو پوری ایمانتداری سے سرانجام دے تاکہ کل روز محشر رب کے سامنے شرمندگی نہ اٹھانی پڑے،جنرل ضیاالحق کا دور سب سے بہتر تھا اس دور میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی نہ لگتی تو اب تک کا یہ سب سے بہتر دور ہوتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھمیال میں شیخ الحدیث قاضی عبدالرشید مرحوم کی رھائشگاہ پر ان کے فرزند قاضی جنید و دیگر سے اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری نثار نے کہا ہم آج نماز کے طریقے پر لڑتے ہیں ہم اس جھگڑے سے بے نیاز ہو کر اپنے اپنے طریقے پر نماز کی ادائیگی کو لازمی بنائیں تو مسائل سے بتدریج نکل سکتے ہیں ۔بھٹو کو عدالتی فیصلہ پر پھانسی دی گئی مگر وہ کسی خوف اور گھبراہٹ کی بجائے پھندے کو چوم کر جھول گئے وہ بہادر انسان تھے۔انہوں نے کہا ملک کے حالات کل کی طرح آج بھی اچھے نہیں جو کرسی پر بیٹھ جاتا ہے وہ خود کو ہی بالادست سمجھتا ہے مگر ہر تاریکی کے بعد اجالا نمودار ہوتا ہے ہمیں توقع رکھنی چاہیئے اللہ مشکلات کے بعد قوم کے لئے جلد آسانیاں پیدا کرے گا ۔ انہوں نے مولانا احسان اللہ چکیالوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مولانا فضل الرحمان کا موقف بڑا زبردست اور جاندار ہے دل کرتا ہے جے یو آئی میں شا مل ہو جاوں۔
فضل الرحمان کا موقف زبردست ‘دل کرتا ہے جے یو آئی میں شا مل ہو جائوں: چوہدری نثار
Sep 22, 2024