راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری، ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی اورپارلیمانی سیکرٹری ملک افتخارنے کہا ہے کہ اسلام انسانی جانوں کے تحفظ کاضامن ہے، ڈینگی کے تدارک کے لیے علما ء مستعد ہیں، وبائی امراض کے خاتمہ کے لیے محراب و منبر بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں، اوقاف کی مساجد حفظانِ صحت کے اصولوں کی ترویج کے مراکز ہیں، سیرتِ طیبہ ؐاور اسوہ رسولؐ،معاشرتی بہبود اور سوشل سیکیورٹی کے اصولوں کا منبع و مصدر ہے، راولپنڈی میں ڈینگی کے خطرات کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے سے حکومتی ادارے متحرک اور فعال ہیں،وہ، پریس کلب ہال راولپنڈی میں '' ماحولیاتی صفائی و پاکیزگی اسوہ رسولؐ کی روشنی میں ''کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، زونل ایٍٍڈ منسٹریٹر اوقاف راولپنڈی ایاز لاشاری،منیجر ز اوقاف راجہ یاسر،جواد عزیز جلالی، علامہ سید اظہار بخاری، مولانا محمد ثاقب افضل قادری،مولانا عبد الرحیم عباسی، پروفیسر محسن ضیا، مولانا خرم، علامہ بشارت امامی، حفظ ثنا اللہ،مولانا حافظ محمد اقبال رضوی، مولانا صدیق الحسنین، مولانا عنایت الرحمان خالد کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علما، مشائخ دانشور، انجمن تاجران کے نمائندگان، ممبران انٹر فیتھ ہارمنی کمیٹی و ضلعی امن کمیٹی اور مذہبی و سماجی رہنما بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ اس موسم میں ڈینگی کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔، جس کے لیے محکمہ اوقاف کی '' ڈینگی آگاہی مہم '' عوام الناس کو اس کے خطرا ت سے آگاہ کر نے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے اپنے محراب ومنبر سے مسلسل لیکچر زاور خطبا ت کے ذریعہ آگاہی مہیا کر رہی ہے۔