مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی نگرانی میں جعلی انتخابات قبول نہیں،سید شاہد گیلانی 

 اسلام آباد(میگزین رپورٹ)چیئرمین نیشنل پیپلز الائنس سید شاہد گیلانی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے اس وقت مودی رجیم اپنی پوری طاقت سے جہاں تحریک آزادی کو ختم کرنے کے درپے ہے وہاں وہ اقوام عالم کو گمراہ کرنے کیلئے دس لاکھ بھارتی فورسز کے سینگینوں کے سایے میں 18 ستمبرسے فراڈ الیکشن کروانے میں مصروف ہے جس کے یک طرفہ نتائج کا اعلان یکم اکتوبر کو متوقع ہے ۔ کشمیری عوام کی حقیقی ترجمان کی ساری مسلمہ قیادت بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی آئین کی شق 370 کے تحت کشمیر متنازعلاقہ ہے ، 35اے کے مطابق کوئی غیر کشمیری کشمیر میں نہ جائیداد خرید سکتا ہے اور نہ ہی کشمیری شہری بن سکتا ہے ۔5 اگست 2019 کو مودی سرکار نے بھارتی آئین کی شقوں 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے کشمیر کو بھارت میں شامل کرنے کی غیر جمہوری، غیرانسانی اور غیر قانونی حرکت کی ہے جسے بھارتی سپریم کورٹ نے جائز قرار دے کر قانون کی بالا دستی کا  منہ چڑایا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارت میں سوائے مسلم دشمنی کے اور کوئی قانون نہیں ۔ اقوامِ متحدہ نے بھی اس غیر قانونی اقدام پر کوئی نوٹس نہیں لیا۔ ان دنوں مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسمبلی الیکشن جاری ہیں۔ سید شاہد گیلانی نے کہا کہ 1987 کے جعلی انتخابات سے آج تک مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارتی آئین کے تحت ہونے والے تمام تر لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے خلاف کشمیریوں نے بائیکاٹ کی زبردست عوامی تحریک چلائی اور بھارت کی چالاکیوں، مکاریوں ، شعبدہ بازیوں ، عیاریوں اور سفاکیوں کو بے نقاب کیا۔حالیہ انتخاب فوجی مشق اور فوجی آپریشن ہیں۔   

ای پیپر دی نیشن