عراقی سفیر کا دورہ ہلال احمر ،سردار شاہد احمد لغاری سے ملاقات 

Sep 22, 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) ہلال احمر پاکستان کی خدمات ہم سب کے لیے قابل ستائش ہیں ،مشترکہ اقدامات اور پروگراموں سے دونوں ممالک کی عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے،ہلال احمر عراق اور ہلال احمر پاکستان کے مابین پائیدار اور مستحکم تعلقات اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے تمام تر سفارتی کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی ان خیالات کا اظہار عراق کے پاکستان  میں سفیر حامد عباس لافتا نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر چئیرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے 2022 کے بدترین سیلاب اور حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد ہلال احمر پاکستان کی جانب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے خدمات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان نے 28 لاکھ سے زائد متاثرہ گھرانوں کی مدد کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔عراق کے سفیر حامد عباس لافتا نے کہا کہ آپ کی زیر قیادت ہلال احمر پاکستان نے انسانیت کی خدمت کا دائرہ کور بڑھا کر عالمی سطح پر نیک نامی سمیٹی ہے۔میری کوشش ہو گی ہم انسانیت کو بہتر اور موثر ترین سروسز کی فراہمی کے لیے طویل المدتی منصوبہ جات شروع کریں ۔دونوں ادارے باہمی تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے ملکوں میں کنٹری آفس قائم کریں۔سردار شاہد احمد لغاری نے اپنے عرب ممالک کے دوروں اور وہاں کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے سربراہان سے ملاقاتوں اور مفاہمتی یادداشتوں سے متعلق بھی بتایا۔عراقی سفیر نے کورونا وبا کے دوران ہلال احمر پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی طبی امداد پر بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ ہم مشترکہ بنیادوں پر مینوفیکچرنگ بزنس کی بھی شروعات کر سکتے ہیں ۔دونوں اطراف سے  وفود اور تجربات و مشاہدات کے تبادلوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔اس موقع پر ہلال احمر پاکستان کی جانب سے سردار شاہد احمد لغاری نے عراقی سفیر حامد عباس لافتا کو یادگاری شیلڈ،سوینئیر بھی پیش کیا  گیا۔عراقی سفیر حامد عباس لافتا ہلال احمر پاکستان کی لائبریری بھی گئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

مزیدخبریں