اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے )چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانامشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ماضی میں ڈی چوک پر دھرنوں کی سیاست ہوتی تھی اب یہاں مثبت سرگرمیوں کے آغاز سے پورے ملک پر اثرات مرتب ہوں گے،سائیکلنگ مقابلے کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور منشیات کی روک تھام سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائیکل فارلائف کے موضوع پر سائیکلنگ ایونٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے مجاہد گروپ آف انڈسٹریز، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،خبیب فانڈیشن اسلام آباد اور اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سائیکل فار لائف ایونٹ کا اہتمام کیا۔ سائیکلنگ مقابلے کامقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا، نوجوانوں کو پائیدار مستقبل کیلئے صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ، منشیات کی روک تھام سے متعلق آگاہی پیداکرنا اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرناہے سائیکلنگ مقابلہ ڈی چوک سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے گزر کر ڈی چوک پر ہی اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں،وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر ریا ہے۔انہوں نیکہا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم گزشتہ 12سال سے زوال پذیر تھی ،اب کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر ملک کانام روشن کریں گے ماضی میں ڈی چوک پر دھرنوں کی سیاست ہوتی تھی ،اب یہاں مثبت سرگرمیوں کے آغازسے پورے ملک پر اثرات مرتب ہوں گے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔